واپڈا نے ٹیلی میٹری سسٹم کے لیے 27 مقامات کی فہرست جاری کردی

image

واپڈا نے چاروں صوبوں میں ان 27 مقامات کی فہرست جاری کردی ہے جہاں ٹیلی میٹری سسٹم لگایا جائے گا۔

واپڈا نے سیکریٹری آبپاشی سندھ کو خط لکھ کر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارت آبی وسائل نے واپڈا کو ٹیلی میٹری لگانے کا ٹاسک دیا ہے، ٹیلی میٹری سے پانی کی فراہمی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

27 مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم لگے گا پہلے مرحلے میں 7 مقامات پر ٹیلی میٹری لگایا جائے گا جس کا مقصد پانی کی تقسیم جیسے حساس مسائل کو حل کرنا ہے اور پانی کی تقسیم کے شفاف اعداد و شمار کا طریقہ کار طے کرنا ہے، جو پانی کی تقسیم کے 1991ء کے معاہدے کے مطابق ہو، واپڈا نے اس ضمن میں ارسا اور صوبوں کے محکمہ آبپاشی کے تعاون سے پی سی ون تیار کی ہے۔

یہ منصوبہ سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 4 جون 2022ء کو منظور کیا تھا، سی ڈی ڈبلیو پی کے یکم فروری 2024ء کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 27 مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم لگایا جائے گا، نظر ثانی پی سی ون تیار کرکے ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) نے 7 فروری 2024ء کو منظور کی تھی، جس کی باقاعدہ منظوری وفاقی وزارت منصوبہ بندی وترقیات نے 23 اپریل 2024ء کو دی تھی، منصوبہ کی انتظامی منظوری وفاقی وزارت آبی وسائل نے 10 مئی 2024ء کو دی تھی۔

اس منصوبے کی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) وفاقی وزارت آبی وسائل، ارسا اور صوبوں کے محکمہ آبپاشی نے مانیٹرنگ بھی کی ہے، واپڈا اس منصوبہ پر عملدرآمد کرائے گا اور پی سی ون کے تحت منصوبہ مکمل کرکے ارسا کے حوالے کرے گا، اس کا ٹھیکہ پر سی ڈجیٹل ایچ بی سی سی جے وی 31 جولائی 2024ء کو دستخط کیے گئے تھے، اس سے پانی کے اخراج کے حقیقی اعداد و شمار خود کار نظام کے تحت سامنے آئیں گے۔

منصوبہ کو مکمل کرنے کی مدت 30 ماہ ہے، اس میں ایک سال شامل نہیں ہوگا جو خرابی کی ذمہ داری کا ہوگا، واپڈا کو محکمہ آبپاشی این او سی جاری کرے گا، واپڈا کی جانب سے 7 مقامات مرالہ بیراج ، چشمہ بیراج، چشمہ رائٹ بنک کینال، تونسہ بیراج، گڈو بیراج، گڑنگ (کھیر تھر کینال) اور پٹ فیڈر کینال پر ٹیلی میٹری لگایا جائے گا، باقی مقامات تربیلا ڈیم (غازی بیراج)، دریائے کابل (نوشہرہ)، جناح بیراج، سکھر بیراج، کوٹڑی، منگلا ڈیم، رسول بیراج پر ٹیلی میٹری لگایا جائے گا، خانکی ہیڈورکس، قادر آباد بیراج، تریمو ہیڈ ورکس، پنجند ہیڈ ورکس، بلوکی ہیڈ ورکس، سدھانی بیراج، سلیمانکی ہیڈ ورکس، اسلام ہیڈ ورکس، اُچ کینال، کچھی کینال، چاچڑاں بیراج دریائے سندھ اور گریٹر تھل کینال شامل ہیں


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US