اسلام آباد : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز پر کرائم سینز، سی سی ٹی وی فوٹیج، ملزمان کے انٹرویوز اور برآمدہ سامان نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
سندھ پولیس کی درخواست پر پیمرا نے تمام نیوز چینلز کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کے کرائم سین کی فوٹیج یا زیرِ حراست ملزمان کے انٹرویوز نشر نہیں کیے جائیں گے۔ اسی طرح چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والے سامان یا اسلحہ کی تشہیر بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔
پیمرا کے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیوز ایڈیٹرز، پروگرام منیجرز اور گرافک ڈیزائنرز کو اس پابندی سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ ہدایت نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
پیمرا نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی چینل نے ہدایات کی خلاف ورزی کی تو پیمرا آرڈیننس کے تحت اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔