وزیراعلیٰ بلوچستان کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دوبارہ اسمبلی سے منظور کرانے کا اعلان

image

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کلی کربلا پشین میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر بلا جواز پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل عوام کی مرضی کے بغیر کسی کو نہیں دیے جاسکتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ ایکٹ دوبارہ بلوچستان اسمبلی میں لا کر تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے سے منظور کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل سنگین اور وسائل محدود ہیں لیکن حکومت کا عزم ہے کہ صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دی جائے۔ عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور کسی علاقے کو محرومی کا شکار نہیں رہنے دیا جائے گا۔

انہوں نے کربلا کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا جن میں کربلا کو تحصیل کا درجہ دینا، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کا قیام (انڈس اسپتال کے انتظام میں)، انٹر کالج کا قیام، 10 کلومیٹر سڑک کی تعمیر، شمسی توانائی کے منصوبے اور حرمزئی، کربلا و سارانان کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کا ترقیاتی پیکج شامل ہیں۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے کربلا کو قوانین کے مطابق میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت دنیا کی دو سو جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت ہے اور حکومت و اپوزیشن کی تفریق کے بغیر پورا بلوچستان ان کی ترجیح ہے۔ "پاکستانیت میں ہی عظمت ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، اور ملک کی خدمت و وفاداری ہی کامیابی ہے،"


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US