توہین آمیز سلوک کے خلاف تاجروں کا لیاقت آباد شاہراہ بند کرنے کا عندیہ

image

آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد سبحان رانجھا کو تاجر دشمن کارروائیوں پر فوری طور پر معطل کیا جائے اور اس کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔

وہ آج کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر بولٹن مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی یشن کے چیئرمین شریف میمن صدر کوآپریٹو مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم خان، اسمال ٹریڈرز کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری بابر خان بنگش اور اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک بھی موجود تھے۔

تاجر رہنما نے کہا کہ لیاقت آباد کی مارکیٹ وہ مارکیٹ ہے جو فیصل آباد سے زیادہ ٹیکس حکومت کو ادا کرتی ہے مگر وہاں کے تاجروں کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے توہین آمیز سلوک کیا جارہا ہے، تاجروں کے مال کو بلاجواز ضبط کیا جارہا ہے، غیر قانونی طور پر دکانوں کے تالے توڑ کے ٹرکوں کے ذریعے مال اٹھالیا جاتا ہے اور بھتوں اور لاقانونیت کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔

تاجر رہنماؤں نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر 72 گھنٹے کے اندر سبحان رانجھا کے خلاف نوٹس نہ لیا گیا تو لیاقت آباد کی شاہراہ کو بند کر کےاحتجاج کریں گے

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو تحفظ دے کر معیشت دوست ماحول فراہم کیا جائے، ہم تو پہلے ہی بارش کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں، ابھی تک کراچی کی بیشتر مارکیٹوں میں پانی بھرا ہوا ہے، کچرا ہے، گڑھے بن گئے ہیں، ہم اس کو بھی اپنی مدد آپ کے تحت صاف کرا رہے ہیں۔ خدارا سرکاری اہلکاروں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ تاجروں سے توہین آمیز سلوک بند کریں اور ایک اچھے ماحول کو پروان چڑھائیں ورنہ ہم اعلان کے مطابق بھرپور احتجاج کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US