خیبر پختونخوا : آج بارشوں اور اربن فلڈنگ سے کتنا جانی مالی نقصان ہوا؟

image

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے آج ہونے والی بارشوں اور اربن فلڈنگ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔

صوبے میں ہونے والی بارشوں اور اربن فلڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 4 افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 3 مرد اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 3 بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔

بارشوں اور اربن فلڈنگ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 2 گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثات خیبر، بونیر اور ٹانک میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر فعال ہے۔عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

آج بھی بونیر کے علاقے پیر بابا میں بارش کے بعد شدید سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی برقرار ہے۔ بارش کے بعد پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مساجد میں اعلانات کروائے جارہے ہیں۔ رات بھر تیز بارش کے باعث سیلابی ریلے کا پانی بازار اور گھروں داخل ہوگیا، لوگوں میں شدید خوف ہراس پھیل گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر ٹیموں نے بروقت پہنچ کر متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، سیلابی ریلے سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں اور کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US