اسمگلنگ، زمباد اور غیر قانونی دھندے ہمارے نوجوانوں کا مستقبل نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

image

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ، زمباد اور غیر قانونی دھندے ہمارے نوجوانوں کا مستقبل نہیں، ہم انہیں تعلیم اور ہنر کے ذریعے باعزت روزگار دینا چاہتے ہیں، صوبے کے نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چیف منسٹر سیکریٹریٹ کوئٹہ میں یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکریٹری بابر خان، سیکریٹری لیبر نیاز نیچاری، ڈی جی بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل، ایڈیشنل سیکریٹری چیف منسٹر سیکریٹریٹ محمد فریدون سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مستند اداروں کی معاونت حاصل کی جارہی ہے اور 30 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دینے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی ہے کہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ بیروزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، اس سے نمٹنے کے لیے نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے، انہوں نے واضح کیا کہ یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام اور بلا سود قرضہ پروگرام میں بارڈر اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار سے نکل کر باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمباد اور غیر قانونی دھندے نوجوانوں کے مستقبل کی ضمانت نہیں، ہم انہیں ایک بہتر اور محفوظ مستقبل دینا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ پروگرام پر عمل درآمد کے دوران شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے نوجوانوں کے لیے تعلیمی وظائف، ہنر مندی کے پروگرام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US