یپل نے اپنے سالانہ ایونٹ کے موقع پر تین نئے آئی فونز، ایئر پوڈز پرو تھری اور ایپل واچ کے تین نئے ماڈلز متعارف کروائے ہیں۔
6.5 انچ سکرین کے آئی فون 17 ایئر ماڈل کی قیمت 999 ڈالر ہےامریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے آئی فون ایئر، آئی فون 17، ایئر پوڈز پرو 3 اور ایپل واچ کے تین نئے ماڈلز متعارف کروا دیے ہیں۔
ایپل کی جانب سے متعارف کروائے گئے آئی فون کے نئے ماڈلز میں سے سب سے زیادہ جس ماڈل نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے وہ ’آئی فون ایئر‘ ہے جس کے بارے میں ایپل نے بتایا ہے کہ یہ اُن کا اب تک کا سب سے پتلا فون ہے۔
ایئر کے علاوہ آئی فون 17 اور آئی فون 17 پرو بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔
آئی فون ایئر: ایپل کا سب سے سلِم یعنی پتلا فون
ایپل کا نیا آئی فون ایئر محض 5.6 ملی میٹر موٹا ہے جو اسے ایپل کا اب تک کا سب سے سلم یعنی پتلا ماڈل بناتا ہے۔
6.5 انچ سکرین کے آئی فون 17 ایئر ماڈل کی قیمت 999 ڈالر (تقریباً دو لاکھ 85 روپے) ہے اور یہ 19 ستمبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہو گا۔
اس ماڈل کے قیمت آئی فون کے پریمیم ماڈل آئی فون 17 پرو سے کم ہے لیکن اِس کے بیس ماڈل سے 200 ڈالر زیادہ ہے۔
ایپل نے اسے اب تک کا ’سب سے پائیدار آئی فون‘ قرار دیا ہے۔ اس میں اے 19 پرو (A-19 Pro) پروسیسر استعمال کیا گیا ہے جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پروسیسر میں ڈیوائس کی پتلی بیٹری کے مطابق بہترین کارکردگی کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آئی فون ایئر میں ایپل کی این 1 (N1) نیٹ ورکنگ چِپ اور سی ون ایکس (C1X) موڈیم لگی ہے۔
یہ ماڈل صرف ای سم (eSIM) سپورٹ کرتا ہے۔
آئی فون ایئر سپیس بلیک، کلاؤڈ وائٹ، لائٹ گولڈ اور سکائی بلیو کلرز میں دستیاب ہو گا۔
آئی فون 17
آئی فون 17آئی فون 17 پانچ رنگوں میں دستیاب ہو گا اور اس میں 6.3 انچ کی سکرین نصب ہے۔ اس ڈیوائس میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ پرو موشن ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ فیچر صرف آئی فون کے پرو ماڈلز میں دستیاب تھا۔
اس میں تھری نینو میٹر ٹیکنالوجی سے بنایا گیا جدید ترین اے 19 پراسیسر نصب ہے جو اسے مصنوعی ذہانت کے متعدد کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔ ایپل نے اپنے نئے ماڈلز میں 128 جی بی سٹوریج کا آپشن ختم کر دیا ہے اور اس میں کم سے کم 256 جی بی سٹوریج آپشن دستیاب ہے۔
آئی فون 17 میں 48 میگا پکسل کا بیک کیمرہ اور ایک اپ گریڈ شدہ فرنٹ کیمرہ بھی شامل ہے۔ ایپل کی جانب سے متعارف کروایا گیا ’سینٹر سٹیج‘ فیچر فوٹو اورینٹیشن کو خود بخود ایڈجسٹ کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کرتا ہے۔
آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالر یا پاکستانی کرنسی میں دو لاکھ 28 ہزار کے قریب بنتی ہے۔
آئی فون 17 پرو
آئی فون 17 پروآئی فون 17 پرو اس سال ایپل کی جانب سے متعارف کروایا گیا سب سے پریمیم ماڈل ہے جس کی قیمت 1,099 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً تین لاکھ 13 ہزار بنتی ہے۔
اس ماڈل کے پرو میکس ورژن میں پہلی بار دو ٹیرا بائٹس (2TB) سٹوریج کا آپشن دیا گیا ہے۔
آئی فون 17 پرو نئے ایلومینیم یونی باڈی کے ساتھ آتا ہے اور اس کے بیک کیمرہ کے ساتھ پلیٹیو ڈیزائن بنیا گیا ہے۔
اس میں بھی اے 19 پرو چپ استعمال کی گئی ہے۔
ایپل نے آئی فون 17 کو استعمال کے دوران گرم ہونے سے بچانے کے لیے ویپر چیمبر استعمال کیا ہے جس میں ڈی آئنائزڈ پانی استعمال ہوتا ہے۔ یہ فیچر اسے پہلا ایسا آئی فون بناتا ہے جسے ٹھنڈا رکھنے کے لیے لیکوئیڈ کول سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔
17 پرو میں سیرامک شیلڈ بیک، لمبی بیٹری لائف اور فون کے پشت پر نصب تینوں لینز پر 48 میگا پکسل سینسر کے ساتھ ایک اپ گریڈ شدہ کیمرہ سسٹم دیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر دونوں ماڈلز کی طرح اس میں بھی اے آئی کی مدد سے چلنے والا 'سینٹر اسٹیج' فرنٹ کیمرہ بھی شامل ہے۔
ایئر پوڈز پرو تھری: لائیو ترجمے کی صلاحیت
ایئر پوڈ کے اس نئے ماڈل میں پچھلی ڈیوائسز کے مقابلے میں زیادہ بہتر نوائس کینسلیشن (شور کم کرنے) کی صلاحیت موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ایپل انٹیلیجنس کی مدد سے سے چلنے والے لائیو ترجمہ کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جسے اشارے سے متحرک کیا جا سکتا ہے۔
نئے ایئربڈز کا ڈیزائن چھوٹا ہے اور بہتر فٹ اور آئسولیشن کے لیے یہ فوم ایئر ٹپس کے ساتھ آتے ہیں۔
ان ایئر پوڈز میں ایپل کے سب سے چھوٹے ہارٹ ریٹ سینسر موجود ہیں جو ورزش کے دوران دل کی دھڑکن کو بھی مانیٹر کرتے ہیں۔ ان ایئر بڈز کی مدد سے صارفین کو بنا کسی اضافی ڈیوائس کے فٹنس ڈیٹا بھی ملتا ہے۔
ایک بار چارج کرنے پر یہ ایئر پوڈز آٹھ گھنٹے تک چل سکتے ہیں۔
ایپل نے اپنے نئے وائرلیس ایئربڈز کی قیمت 249 ڈالر رکھی ہے تقریباً 71 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے اور اس کی فروخت بھی 19 ستمبر سے شروع ہوگی۔
ایپل واچ
واچ سیریز 11، ایس ای تھری اور واچ تھری الٹرا۔ایپل نے منگل کے روز ہونے والا سالانہ ایونٹ میں سمارٹ واچز کی اپنی نئی لائن اپ کی نقاب کشائی کی ہے جس میں تین نئی واچز شامل ہیں۔
واچ سیریز 11 کی قیمت 399 ڈالر (پاکستانی ایک لاکھ 13 ہزار 800 روپے)، کم قیمت والا واچ ایس ای تھری 249 ڈالر (71 ہزار روپے) جبکہ ہائی اینڈ واچ تھری الٹرا 799 ڈالر یا تقریباً دو لاکھ 28 ہزار کی ہے۔
کمپنی نے سیریز 11 میں ہائی بلڈ پریشر الرٹ جبکہ الٹرا 3 میں سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی کے فیچر متعارف کروائے ہیں۔