پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ میں ریفری کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان مزید میچز نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا ہے جس میں میچ ریفری اور ایونٹ ڈائریکٹر کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میچ ریفری نے پاک بھارت میچ کے دوران کھیل کی اسپرٹ اور قوانین کی خلاف ورزی کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا افسوسناک ہے اور اسپورٹس مین شپ کی کمی مایوس کن ہے۔ پی سی بی کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں نے بھی دانستہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے فیصلے پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے بھی شدید تنقید کی تھی۔
پی سی بی نے مؤقف اپنایا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کسی میچ میں حصہ نہیں لے گا۔