پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف آل فارمیٹ ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہو گا۔ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا حصہ ہوں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جائیں گے جن میں پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ فیصل آباد 17 برس بعد ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی میزبانی کرے گا۔ جنوبی افریقا کے خلاف تین ون ڈے میچز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف یہ سیریز معیاری کرکٹ لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل کی واپسی ایک تاریخی لمحہ ہے۔