پشاور میں چیئرٹی میچ : سیلاب متاثرین کے لیے ایک کروڑ 77 لاکھ کے فنڈ جمع

image

خیبر پختونخوا اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے منعقد ہونے والے چیئرٹی میچ کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے ایک کروڑ 77 لاکھ روپے جمع کر کے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کر دیے گئے۔

صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان نے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرٹی میچ کے انعقاد سے نہ صرف سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ جمع ہوا بلکہ اسٹیڈیم میں مزید میچوں کے انعقاد کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا اور آئندہ پاکستان سپر لیگ کے میچ بھی یہاں منعقد کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ چیئرٹی میچ کے لیے 15 ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے تھے جن کی قیمت بھی کم رکھی گئی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ شریک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور نمائشی میچ بھی جلد منعقد کیا جائے گا جس میں داخلہ بھی مفت ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کرکٹ لیجنڈز کی شرکت سے یہ میچ ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوا اور اس سے حاصل شدہ تمام فنڈ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل میچوں کے لیے ڈی جی اسپورٹس اور پی ایس ایل کے سی ای او کے درمیان جلد ملاقات ہوگی تاکہ پشاور میں بھی بڑے کرکٹ ایونٹس کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US