متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی شاندار رونمائی کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کے ساتھ ایونٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ اس موقع پر کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پریس کانفرنس بھی کی۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اور سب کھلاڑی ایشیا کپ کے لیے پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فارمیٹ میں کوئی فیورٹ نہیں ہوتا کیونکہ ایک سے دو اوورز میں میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ تمام ٹیمیں سخت حریف ہیں اور کسی کو بھی ہلکا نہیں لیا جا سکتا۔
افغانستان کے راشد خان نے عزم ظاہر کیا کہ ایونٹ جیتنے کے لیے پوری محنت کریں گے جبکہ بنگلہ دیش کے لٹن داس نے کہا کہ ٹیم نے حالیہ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور کھلاڑی جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔
ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضیٰ نے کہا کہ ٹیم محنت کے بعد یہاں تک پہنچی ہے اور شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ عمان کے کپتان جتندر سنگھ نے کہا کہ عمان پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہا ہے اور ٹیم پرجوش ہے۔
میزبان یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ سری لنکن کپتان چارتھ اسالنکا نے کہا کہ طویل سفر اور گرم موسم کے باوجود ٹیم فریش ہوکر بہترین کارکردگی دکھائے گی۔