پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام۔۔ بھارت کو جیت کیلیے 128 رنز کا ہدف

image

دبئی میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں پاکستان کا بیٹنگ آرڈر بھارتی بولنگ کے سامنے جم نہ سکا۔ ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے والی قومی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 127 رنز بنا سکی اور بھارت کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے آغاز ہی میں پاکستان کو دھچکا لگا جب صائم ایوب پہلی ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے ہاردک پانڈیا کا شکار بن گئے۔ جلد ہی محمد حارث بھی صرف تین رنز پر بمراہ کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ ابتدائی نقصان کے بعد فخر زمان نے 17 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اکشر پٹیل کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی محض تین رنز بنا کر پویلین واپس گئے۔

مڈل آرڈر بھی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہا۔ حسن نواز اور محمد نواز دونوں کلدیپ یادیو کے سامنے دباؤ برداشت نہ کر سکے۔ صاحبزادہ فرحان نے نسبتاً مزاحمت کی اور 40 رنز کی باری کھیلی مگر وہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکے۔ فہیم اشرف اور سفیان مقیم کی وکٹیں گرنے کے بعد اسکور مزید آگے نہ بڑھ سکا۔

آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے 16 گیندوں پر چار بلند و بالا چھکے لگا کر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مجموعے کو سہارا دیا۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان وہی ٹیم لے کر میدان میں اترا جو عمان کے خلاف کامیاب رہی تھی، جب کہ بھارت نے بھی اپنے مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میچ کھیلا۔ دونوں ٹیمیں چھ ماہ کے وقفے کے بعد ایک بار پھر براہِ راست ٹکرائی ہیں۔

ایشیا کپ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو بھارت نے 19 میچوں میں سے 10 میں فتح حاصل کی ہے جبکہ پاکستان چھ بار کامیاب ہوا ہے۔ قومی ٹیم نے روایتی حریف کے خلاف ایشیا کپ میں آخری کامیابی 2022 میں حاصل کی تھی۔ بھارت مجموعی طور پر آٹھ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو بار حاصل کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US