’عمان نے انڈین بیٹنگ لائن اپ کا پول کھول دیا ہے‘، کیا پاکستان اس میچ سے کچھ سیکھ سکتا ہے؟

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کا انڈیا اور عمان کے درمیان کھیلا جانے والا آخری لیگ میچ ڈیڈ میچ تھا، یعنی ایک ایسا میچ جس کے نتائج سے ٹورنامنٹ پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں تھا لیکن اس میچ سے کئی سبق آموز نتائج اخذ کیے جا رہے ہیں۔
getty
Getty Images

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کا انڈیا اور عمان کے درمیان کھیلا جانے والا آخری لیگ میچ ڈیڈ میچ تھا، یعنی ایک ایسا میچ جس کے نتائج سے ٹورنامنٹ پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں تھا لیکن اس میچ سے کئی سبق آموز نتائج اخذ کیے جا رہے ہیں۔

انڈیا نے اس میچ میں 21 رنز سے کامیابی حاصل کی لیکن تعریف و توصیف عمان کی ٹیم لے اڑی۔

اس میچ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں اور یہ کہا جا رہا ہے کہ عمان نے یہ دکھا دیا کہ انڈیا کوئی بہت مضبوط اور ناقابل تسخیر ٹیم نہیں ہے۔

بہت سے صارفین پاکستانی ٹیم کو بھی نصیحت کر رہے ہیں کہ اسے ٹیم انڈیا کے خلاف عمان کی طرح کی مزاحمت دکھانی چاہیے اور آئندہ اسے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینی چاہیے کیونکہ ’عمان نے انڈین بیٹنگ لائن اپ کا پول کھول دیا ہے‘۔

اس میچ کے حوالے سے سوریہ کمار یادو کے نہ کھیلنے کے فیصلے پر بہت سے میمز شیئر کیے جا رہے ہیں اور عمان کے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کو جہاں سراہا جا رہا ہے وہیں ان سے عمان کے کھلاڑی عامر کلیم سے گلے ملنے پر سوال بھی پوچھا جا رہا ہے۔

یہ دراصل ان کے پاکستانی کھلاڑیوں سے دوری برقرار رکھنے اور ہاتھ نہ ملانے کے متنازع فیصلے کی بازگشت ہے۔ سوشل میڈیا پر عامر کلیم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اگرچہ وہ عمان کی طرف سے کھیل رہے ہیں لیکن وہ ان کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔

سوریہ کمار یاد عمانی ٹیم کے کپتان جتندر سنگھ کے ساتھ
Getty Images
سوریہ کمار یادوعمانی ٹیم کے کپتان جتندر سنگھ کے ساتھ

میچ میں کیا ہوا؟

انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یوں لگ رہا تھا کہ وہ رنز کے انبار لگا دیں گے کیونکہ ان کے بلے بازوں نے اس سے قبل انتہائی جارحانہ انداز کا مظاہرہ کیا ہے اور سب کے سب فارم میں نظر آ رہے ہیں۔

لیکن عمان کی کرکٹ ٹیم کی بنیادی حکمت عملی نے انڈیا کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا۔ انگلینڈ میں اپنی بیٹنگ کا پرچم لہرانے والے شبھمن گل دوسرے اوور کی تیسری گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھیں شاہ فیصل نے آؤٹ کیا۔

لیکن دوسری جانب اوپنر ابھیشیک شرما اسی جارحانہ انداز میں نظر آئے جیسے وہ پاکستان کے خلاف نظر آئے تھے۔ انھوں نے 15 گیندوں 253 کی اوسط سے 38 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انھیں رامانندی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے شکلا نے کیچ کیا۔

ہاردک پانڈیا ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ دوسرے سرے پر سنجو سیمسن اپنے انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے۔ اکشر پٹیل نے 13 گیندوں پر 26 رنز بنائے انھیں عامر کلیم نے وکٹ کے پیچھے کیچ کروا کر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد شوم دوبے کے روپ میں پانچویں وکٹ گری۔ دوبے نے پانچ رنز بنائے۔ پھر سنجو سیمسن اپنی نصف سنچری کے بعد شاہ فیصل کا شکار بنے۔

اس کے بعد تلک ورما نے 29 اور ہرشت رانا نے 13 رنز بنائے۔ یوں ٹیم انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے اور جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا۔

عمان ٹیم میں اگر نصف کھلاڑی پاکستان سے آتے ہیں تو نصف انڈیا سے تعلق رکھتے ہیں
Getty Images
عمان ٹیم میں نصف کھلاڑی پاکستان سے اور نصف انڈیا سے تعلق رکھتے ہیں

عمان کا جواب

ایک نئی ٹیم کے لیے یہ ہدف کافی تھا۔ لیکن عمان کے اوپنرز جتندر سنگھ اور عامر کلیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔

کپتان جتندر سنگھ 33 گیندوں پر 32 رنز بنا کر کلدیپ یادو کا شکار بنے۔ اس وقت عمان کا سکور 56 رنز تھا۔

دوسری جانب عامر کلیم کا ساتھ دینے آئے حماد مرزا نے نہ صرف ٹیم کو سنبھالا دیا بلکہ رنز بنانے کی رفتار بھی تیز کر دی۔ دوسری وکٹ عامر کلیم کی 149 رنز پر گری۔ ہاردک پانڈیا نے نہایت عمدہ کیچ لیا اور اس طرح عمان کی جیت امید ختم کر دی۔

پھر پانچ رنز بعد ہاردک پانڈیا نے حماد مرزا کو 51 رنز پر آوٹ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔ ارشدیپ سنگھ نے ونایک شکلا کی وکٹ لے کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنی 100ویں وکٹ حاصل کی اور وہ انڈیا کی جانب سے 100 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

اگرچہ عمان مقررہ 20 اوورز میں 167 رنز ہی بنا سکی اور 21 رنز سے میچ ہار گئی لیکن اس کی صرف چار وکٹیں ہی گریں۔

فاتح ٹیم کی جانب سے سنجو سیمسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا لیکن در اصل اس میچ کے مرد میداں عامر کلیم تھے جنھوں نے نہ صرف سب سے زیادہ رنز بنائے بلکہ سب سے زیادہ دو وکٹیں بھی لیں۔

عمان کی ٹیم نے انڈیا کی آٹھ وکٹیں لیں جبکہ انڈین ٹیم صرف چار کھلاڑیوں کے آوٹ کرسکی
Getty Images
عمان کی ٹیم نے انڈیا کی آٹھ وکٹیں لیں جبکہ انڈین ٹیم صرف چار کھلاڑیوں کے آوٹ کر سکی

’ہاردک کے کیچ نے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اپ سیٹ سے بچایا لیا‘

ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے اس مردہ میچ میں عمان کی کاردگی پر بہت سے صارفین اسے مبارکباد دے رہے ہیں۔ سابق انڈین کرکٹر عرفان پٹھان نے لکھا کہ ’عمان آپ نے عمدہ کھیل پیش کیا۔‘

کوستو گڈیپڈی نامی ایک صارف نے لکھا: ’شاید ہاردک پانڈیا کے انتہائی شاندار کیچ نے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اپ سیٹ سے بچایا لیا۔‘

واضح رہے کہ عالمی چیمپئنز کے خلاف انعامی رقم کے تنازعہ کے بعد عمان کی ٹیم انڈیا کے خلاف اپنے اہم کھلاڑیوں کے بغیر کھیل رہی ہے جبکہ انڈیا نے پچھلے 34 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 31 جیت کر عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

سوریہ کمار یادو کی تصویر کے ساتھ رشو سریواستو نامی ایک صارف نے لکھا: ’اس کہانی سے یہ سبق لیا جا سکتا ہے کہ کبھی کرکٹ کی بے عزتی نہ کریں! اگر آپ اپنی بیٹنگ کی طاقت کو جانچنا چاہتے ہیں تو صرف اپنے آپ کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کریں۔ عمان نے اچھا کھیل پیش کیا۔ لوگ آپ کی لڑائی کو یاد رکھیں گے!‘

انڈیا کا سکورکارڈ شیئر کرتے ہوئے ستارہ انجم نامی ایک صارف نے لکھا: ’انڈیا نے ایسوسی ایٹ سائیڈ عمان کے خلاف صرف 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 کا سکور کیا اور 200 رنز بھی عبور نہیں کر سکا! اگر ایسا ہے تو، ایک معیاری بولنگ اٹیک کے خلاف جدوجہد کا تصور کریں۔ اتوار کو ٹاس جیتنے کی صورت میں پاکستان کو یقینی طور پر انھیں پہلے بیٹنگ کی دعوت دینی چاہیے۔‘

کرکٹ سوشل نامی ایک صارف نے لکھا: ’سوریہ سے ملیں، آئی سی سی کے کسی ٹورنامنٹ میں بڑی ٹیموں کے خلاف یا کسی اہم میچ میں کبھی رنز نہیں بنائے۔ اب وہ عمان کے خلاف خود کو کرکٹ کے ڈان کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ اگر آپ بیٹنگ نہیں کرنا چاہتے تو آپ رنکو سنگھ کو موقع دے سکتے ہیں۔‘

سوریہ کمار کی عامر کلیم سے گلے ملنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایمن محمود خان نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’انڈینز کو سوریہ کمار یادو کا بائیکاٹ کرنا چاہیے کیونکہ انھوں نے کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے عامر کلیم کو گلے لگایا۔‘

ابھی شرما نامی ایک صارف نے لکھا کہ عمان نے زیادہ بہتر کردار کا مظاہرہ کیا اور بہت سی ہواباز ٹیموں سے بہتر کھیل پیش کیا۔

عمان کی ٹیم میں کپتنا جتندر سنگھ کے علاوہ ونایک شکلا، اشیش اوڈیدرا، سمے شریواستو اور کرن سونولے کا تعلق انڈیا سے ہے جبکہ عامر کلیم، شکیل احمد، شاہ فیصل، محمد ندیم، زکریا اسلام اور حماد مرزا وغیرہ کا تعلق پاکستان سے ہے۔

آج سے سپرفور کے مقابلے شروع ہو رہے ہیں جس میں آج سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کھیلا جانا ہے جبکہ کل یعنی اتوار کو ایک بار پھر انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US