پورے خاندان کا واحد سہارا تھی۔۔ حاملہ بھینس پر ظلم کی انتہا ! واقعہ کس جگہ پیش آیا؟

image

گجرات کے نواحی علاقے کھیوہ میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے لوگوں کو غم اور غصے میں مبتلا کر دیا۔ نامعلوم افراد نے ایک محنت کش کی حاملہ بھینس پر کلہاڑیوں سے حملہ کیا اور اس کی دونوں اگلی ٹانگیں کاٹ دیں۔ بے زبان جانور کئی گھنٹے تک تڑپتا رہا جبکہ مالک اور اہلِ علاقہ بے بسی سے یہ منظر دیکھتے رہے۔ یہ بھینس اس خاندان کے روزگار کا واحد سہارا تھی، جو اب شدید صدمے اور مالی نقصان سے دوچار ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر جلالپور جٹاں میں درج کر لیا ہے اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ حملہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھا یا حسد میں کیا گیا۔ مقامی افراد نے اس واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی بھینس کا سرکاری سطح پر فوری علاج کیا جائے تاکہ وہ زندہ بچ سکے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ کسی جانور کو اس طرح نشانہ بنایا گیا ہو۔ گزشتہ برس سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک بااثر شخص نے کھیت میں گھسنے پر اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی تھی، جس کے بعد ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا اور جانور کو کراچی منتقل کر کے خصوصی نگہداشت فراہم کی گئی۔ بعد میں بینجی پروجیکٹ کی ٹیم نے اطلاع دی کہ اونٹنی مصنوعی ٹانگ کی مدد سے کھڑے ہونے کے قابل ہو گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US