چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) عرب جمہوریہ مصر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور مصر کے مابین عسکری تعاون اور دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران مصری وزیرِ دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالمجید سقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ مصر ایک برادر اسلامی ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں قوموں کے مفاد میں ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
دورۂ وزارتِ دفاع کے موقع پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ نامعلوم سپاہی اور سابق مصری صدر محمد انور السادات کی قبر پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
فیلڈ مارشل نے شیخ الازہر، امامِ اعظم شیخ احمد الطیب سے مشایخۃ الازہر الشریف میں ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر امامِ اعظم نے مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی، جبکہ فیلڈ مارشل نے انتہا پسندی اور اسلام کی غلط تشریحات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔