یو این اجلاس میں وزیر دفاع کے پیچھے بیٹھی خاتون کون؟ دفتر خارجہ نے وضاحت دے دی

image

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی خاتون کی موجودگی پر اٹھنے والے سوالات پر وزارتِ خارجہ نے باضابطہ وضاحت جاری کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذکورہ خاتون کا نام پاکستان کے وفد کی فہرست میں شامل نہیں تھا اور نہ ہی وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کردہ سرکاری لیٹر آف کریڈنس کا حصہ تھیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر دفاع کے پیچھے ان کی نشست نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منظوری کے بغیر دی گئی تھی۔

وزارتِ خارجہ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خاتون کا وزیر دفاع کے عقب میں بیٹھنا غیر مجاز تھا اور ان کی موجودگی پر وضاحت ناگزیر تھی۔

اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی سوشل میڈیا پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یو این ایس سی اجلاس میں تقریر انہوں نے وزیرِاعظم کی مصروفیت کے باعث کی تھی تاہم اس بات کا فیصلہ کہ ان کے پیچھے کون بیٹھے گا، وزارتِ خارجہ کی صوابدید ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ خاتون کون ہیں وفد کا حصہ کیوں تھیں اور میرے پیچھے کیوں بیٹھی تھیں؟ ان سوالات کا جواب دفتر خارجہ ہی دے سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ان کے فلسطین کے ساتھ جذباتی وابستگی برسوں پر محیط ہے اور وہ اسرائیل و صہیونیت کے سخت ناقد ہیں، اس معاملے کو ان کے مؤقف سے جوڑنا درست نہیں۔

خیال رہے کہ اجلاس کے دوران شمع جونیجو نامی خاتون وزیر دفاع کے بالکل پیچھے بیٹھی نظر آئیں جس پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید سامنے آئی۔ ناقدین نے ان کے ماضی کے متنازع بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے سوالات اٹھائے کہ وہ سرکاری وفد کا حصہ کیسے بنیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US