سلمان خان کا تنقید کرنے والے فلم ڈائریکٹر کو جواب، ’ان کے پاس کام نہیں‘

image

بالی وُڈ کے مشہور اداکار سلمان خان اپنی صاف گوئی اور بے باک انداز کی وجہ سے اپنے مداحوں میں مقبول ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں انہوں نے خود کو ’غنڈا‘ اور اپنے خاندان کو انتقامی قرار دینے والے فلم ’دبنگ‘ کے ہدایت کار ابھینو کیشپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

سلمان خان کا ردعمل مشہور شو ’بگ باس 19‘ کی ایک قسط میں سامنے آیا ہے۔

سلمان خان کی جانب سے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا گیا جب شو کی ایک کنٹیسٹنٹ تانیہ متل اپنی ذاتی زندگی کی مشکلات کے متعلق بات کر رہی تھیں۔

 انہوں نے بتایا کہ ممبئی آنے کے بعد وہ اکثر خوف زدہ رہتی تھیں اور انہیں سہارا دینے والے خاندان کی کمی محسوس ہوتی تھی۔ اس دوران انہوں نے سلمان خان سے سوال کیا کہ کیا وہ ان کے لیے ایسے بن سکتے ہیں؟

اس پر سلمان خان نے جواب دیا کہ ’آج کل جس حالت میں ہوں، جو بھی مجھ سے جڑ رہا ہے یا جو پہلے سے جڑے ہوئے ہیں، وہ سب مشکلات میں پھنس رہے ہیں۔‘

اس کے بعد سلمان خان نے بغیر نام لیے ابھینو کیشپ پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا ’لوگ بیٹھ کر کسی پر بھی الزام لگا دیتے ہیں۔ ہم پہلے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس وقت انہوں نے میری بہت تعریف کی تھی۔ اب وہ مجھ سے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں، پوڈکاسٹ پر بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں، وقت ضائع کرتے ہیں۔ ان کے یہ سب دعوے بے بنیاد ہیں، اور اصل میں ان کے پاس کوئی کام نہیں۔ اس لیے میں ان سے اور سب سے کہتا ہوں کہ کچھ کام کریں۔‘

سلمان خان نے ایک مشورہ بھی دیا اور کہا کہ ’کام سے بہتر کچھ نہیں۔ چاہے آپ کیسا بھی محسوس کر رہے ہوں، جو بھی مشکلات ہوں، صبح اٹھیں، نہائیں دھوئیں اور کام پر نکل جائیں۔‘

ابھینو کیشپ نے کہا تھا کہ سلمان خان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

یاد رہے کہ اس سے قبل ابھینو کیشپ نے ایک انٹرویو میں سلمان خان اور ان کے خاندان پر شدید الزامات لگائے تھے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’سلمان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں، پچھلے 25 سال سے وہ صرف احسان سمجھ کر کام پر آتے ہیں۔ وہ صرف شہرت کی طاقت کے پیچھے ہیں، نہ کہ اداکاری کے، وہ ایک غنڈہ ہے۔ دبنگ سے پہلے مجھے اس کی اصلیت کا علم نہیں تھا۔ سلمان بدتمیز اور گندا انسان ہے۔‘

ابھینو کیشپ نے سلمان خان کے خاندان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سلمان سٹار سسٹم کا بانی ہے۔ اس کا خاندان 50 سالوں سے فلم انڈسٹری میں ہے۔ وہی نظام چلاتے ہیں، یہ لوگ انتقامی مزاج رکھتے ہیں، سب کچھ کنٹرول کرتے ہیں۔ اگر کوئی ان کی بات نہ مانے تو یہ اس کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل سنہ 2020 میں ابھینو کیشپ نے ایک فیس بک پوسٹ میں سلمان خان اور ان کے بھائیوں ارباز اور سہیل خان اور والد سلیم خان پر ان کے کiریئر کو برباد کرنے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US