آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کردیا۔ احتجاج کی ناکامی کے بعد کمیٹی کے شرپسند عناصر نے پُرامن شہریوں پر تشدد کیا اور مختلف علاقوں میں پرتشدد کارروائیاں کیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر بٹل میں عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے ایمبولینس کو روک لیا جس کے باعث ایمولینس میں موجود مریض جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت محمد صادق کے نام سے ہوئی۔
ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے غلیلوں، ہتھیاروں سے پولیس پر بھی حملہ کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلح کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی ناکامی پر شرپسند عناصر نے پرامن احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ اور تشدد کا سلسلہ شروع کردیا۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے احتجاج کے دوران اسلحہ بھی استعمال کیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے احتجاج کو سیاسی و عوامی شکل دینے کی کوشش کی لیکن عوام نے اس کو مسترد کرتے ہوئے اپنا لاتعلقی ظاہر کی۔ عوامی بے رُخی کے بعد کمیٹی کے کارکنان نے شدت پسندی کا راستہ اختیار کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن اسلحہ اور تشدد کے ذریعے افراتفری پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔