وفاقی حکومت نے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ پاکستان کو وی وی آئی پی سیکیورٹی اسٹیٹس دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری اور کابینہ ڈویژن کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت دورہ کرنے والی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اکتوبر سے نومبر کے دوران پاکستان کا دورہ کرے گی، جس میں ٹیسٹ اور محدود اوورز کی سیریز شامل ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ، رینجرز اور پولیس کو باضابطہ طور پر خط ارسال کر دیا ہے، جس میں تمام اداروں کو ٹیم کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی حکومت سے ٹیم کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کی درخواست کی تھی، جس کے بعد حکومتی سطح پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی پلان میں ہوٹلز، اسٹیڈیمز اور روٹس پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران مکمل حفاظتی حصار فراہم کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ملکی ساکھ کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔