وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ

image

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور (ملائیشیا) روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر کررہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اپنے دورۂ ملائیشیا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے۔

دونوں رہنما تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر غور کریں گے۔

مزید برآں، عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و تعلیمی تبادلوں کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات میں نئی روح پھونکنے اور خطے میں معاشی و تجارتی تعاون کے نئے باب کے آغاز کا باعث بن سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US