وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کا اہم دورہ، دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے، جہاں بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

استقبال کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز عزت مآب فہمی فاضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور پاکستانی سفارتی عملہ موجود تھا۔ وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا۔

رہائش گاہ پہنچنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، اور وہ ملائیشیائی حکومت کے پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات ہوگی جبکہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے۔ دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر غور کریں گے۔

مزید برآں، ملاقات میں عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرائی دی جا سکے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات میں نئی جان ڈالے گا بلکہ جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں پاکستان کے معاشی و سفارتی کردار کو بھی مستحکم کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US