ٹی ایل پی کا اقصیٰ ملین مارچ روکنے کے لیے جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

image

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ممکنہ احتجاج اور اقصیٰ ملین مارچ کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے خدشے کے باعث تمام اڈہ جات خالی کروانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے اڈوں کو خالی کروا رہی ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز کو بسیں اور ویگنیں عارضی طور پر بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں داخلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ چار یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے بھی 10 اکتوبر کو مذہبی جماعت کے اقصیٰ ملین مارچ کے اعلان کے بعد سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ فیض آباد اور مری روڈ پر کینٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں جب کہ علاقے کے ہوٹلز خالی اور دکانیں بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے مذہبی جماعت سے مارچ روکنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں تاکہ کسی ممکنہ تصادم سے بچا جاسکے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US