مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ، راستے سیل

image

مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر بند کر دیے۔

پولیس کے مطابق 37 سے زائد مقامات پر بلاکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں کنٹینرز، ٹریلرز اور دیگر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔ مری روڈ، فیض آباد، شمس آباد، ڈھوک کالا خان، آئی جے پی روڈ، کھنہ پل، اور چک مدد سمیت تمام اہم شاہراہیں بند ہیں جبکہ اسلام آباد سے راولپنڈی کو ملانے والے تمام راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔

شہر بھر میں 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، مری روڈ پر شالیمار چوک سے فیض آباد تک پولیس کی 13 خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں۔ شہر میں جلسے، جلوس اور اجتماعات پر دفعہ 144 کے تحت 4 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

راولپنڈی میں بیشتر اسکول، کالجز، دکانیں، ہوٹل اور بینک بند کر دیے گئے ہیں، جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل ہے۔ پولیس اہلکاروں کو مری روڈ، فیض آباد اور میٹرو اسٹیشنز کے اطراف تعینات کیا گیا ہے۔ راستے بند ہونے کے باعث شہری، طلبہ اور سرکاری ملازمین دفاتر نہ پہنچ سکے جبکہ ٹریفک جام سے مریضوں اور ایمبولینسوں کو بھی دشواری پیش آئی، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر لاہور میں بھی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ سٹی ٹرمینل، رہبر ٹرمینل اور دیگر بس اڈے بند ہیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بیشتر نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی گئی ہے اور پنجاب یونیورسٹی کے آج ہونے والے ایل ایل بی کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US