جامعہ کراچی میں افسوسناک حادثہ، بس کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی طالبہ کون تھی؟

image

جامعہ کراچی میں یونیورسٹی کی پوائنٹ بس کی زد میں آ کر سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کی طالبہ جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت انیقہ سعید کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ پوائنٹ بس سے اُتر رہی تھی۔ جیسے ہی بس نے ریورس کیا طالبہ اس کی زد میں آ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کے باہر ڈاکٹر محمود حسن لائبریری کے سامنے پیش آیا۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

پولیس نے واقعے کے بعد بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ جاں بحق طالبہ کے اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔

حادثے کے بعد جامعہ کراچی میں طلبہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ پوائنٹ بسوں کی ناقص حالت اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے طلبہ کی جانیں خطرے میں ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سے رابطہ کرکے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی اور تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ طالبہ کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر جامعات سندھ محمد اسماعیل راہو کی ہدایت پر جامعہ کراچی کے وی سی نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کو انکوائری کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔گورنر نے پولیس حکام کو بھی حادثے کی جامع تحقیقات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کسی طالب علم کی جان ضائع نہ ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US