خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر کی صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے جس میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس جو پہلے 20 اکتوبر تک ملتوی کیا گیا تھا اب نئی تاریخ کے مطابق پیر کے روز صبح دس بجے منعقد ہوگا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق امیدوار 12 اکتوبر بروز اتوار دوپہر 3 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے جس کے بعد اسکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا اور شام 5 بجے حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔نئے وزیراعلیٰ کے لیے شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹنگ 13 اکتوبر کو اسمبلی اجلاس کے دوران ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ باضابطہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہو چکا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے استعفیٰ کی وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد پیر کے روز باضابطہ منظوری دی جائے گی۔