مذہبی جماعت کے احتجاج کا معاملہ: میٹرو بس اور انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی معطل

image

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر راستوں کی بندش، کنٹینرز کی تنصیب اور ٹریفک پلان کے باعث شہری زندگی دوسرے روز بھی متاثر ہے۔

اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز مری روڈ، فیض آباد، لیاقت باغ، راجا بازار، چاندنی چوک، سکس روڈ اور کمیٹی چوک کو بند کرنے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کو ایک لائن میں چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی مکمل طور پر معطل ہے جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مختلف علاقوں میں بند ہے جس سے دفاتر، تعلیمی اداروں اور آن لائن کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

راولپنڈی کے الائیڈ اسپتال، ہولی فیملی، بینظیر بھٹو اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں مریضوں اور ایمبولینسوں کو پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی مری روڈ بند ہے جبکہ فیض الاسلام تا راولپنڈی کی سمت بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ مزید برآں سروے آف پاکستان تا آئی جی پی آفس، کمیٹی چوک، ناز سنیما، شمس آباد، ڈھوک کلاں خان یو ٹرن، راجا بازار اور لیاقت باغ کے اطراف بھی تمام ٹرن اور گلیاں بند کر دی گئی ہیں۔

ہائی ویز اور موٹرویز پر بھی جزوی بندش برقرار ہے۔ چکری، ٹھلیان، اور فتح جنگ ٹول پلازہ راولپنڈی کی سمت بند ہیں جبکہ برہما انٹرچینج اسلام آباد کی سمت بند ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک اپڈیٹس کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا یا ہیلپ لائن سے رجوع کریں۔

انتظامیہ نے فیض آباد کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے جبکہ فیض آباد کے تمام ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی برقرار ہے۔ائیرپورٹ جانے والے راستے بھی کنٹینرز سے بند کر دیے گئے ہیں جس کے باعث پروازوں میں تاخیر رپورٹ کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US