اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کی درخواست پر 48 گھنٹے کے لیے عارضی سیز فائر (جنگ بندی) کا اعلان کردیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے باقاعدہ طور پر پاکستان سے سیز فائر کی درخواست کی گئی تھی، جس پر غور کے بعد حکومتِ پاکستان نے مثبت ردِعمل دیتے ہوئے آج شام 6 بجے سے آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرحدی علاقوں میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کا خواہاں رہا ہے اور اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل کو تقویت ملے گی۔
ذرائع کے مطابق سیز فائر کے دوران دونوں جانب سے تمام عسکری کارروائیاں روک دی جائیں گی جبکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جائے گی۔