راولپنڈی: نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دیں، ضلعی انتظامیہ بے بس

image

راولپنڈی میں نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا، ضلعی انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

شہر بھر میں خمیری روٹی کی قیمت 25 روپے سے بڑھا کر 30 روپے اور سادہ نان 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ روغنی نان اور پراٹھے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 60 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

نان بائیوں کا کہنا ہے کہ آٹا مہنگا ملنے کے باعث قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔ ان کے مطابق آٹے کی 20 کلو بوری جو پہلے 6500 روپے میں ملتی تھی، اب 12 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ایک نان بائی نے کہا، ”جب آٹا مہنگا خرید رہے ہیں تو سستی روٹی کیسے بیچ سکتے ہیں؟ حکومت ہمیں آٹا سستا فراہم کرے تو روٹی کی قیمت کم ہوسکتی ہے“۔

دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ کی نااہلی پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی حکومت نان بائیوں کے من مانے نرخوں کے خلاف فوری کارروائی کرے تاکہ عام عوام کو ریلیف مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US