خیبرپختونخوا میں چینی کا بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے شوگر ملز کے آن لائن پورٹلز بند کرنے کے فیصلے کے بعد مارکیٹ میں چینی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ ڈیلرز نے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹ میں فروخت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
تاجروں کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں چینی دستیاب نہیں، اور جہاں موجود ہے وہاں فی کلو قیمت 210 سے 220 روپے تک جا پہنچی ہے۔ کئی دکاندار چینی صرف پریمیم ریٹ پر فروخت کر رہے ہیں جس سے عام صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کے پورٹلز بند ہونے سے سپلائی چین متاثر ہو چکی ہے جس کے باعث منڈیوں میں نئی کھیپ کی ترسیل رک گئی ہے۔ بعض شوگر ملز نے موجودہ صورتحال کو مصنوعی بحران قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب شوگر ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آئندہ چند روز میں چینی کی قیمت 230 سے 250 روپے فی کلوگرام تک پہنچ سکتی ہے۔