مہنگائی کا نیا طوفان، مرغی سستی مگر سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر!

image

پشاور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ایک بار پھر عوام کی قوتِ خرید سے تجاوز کر گئیں۔ جہاں سبزیاں اور پھل مہنگائی کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں وہیں مرغی کی قیمت مسلسل کمی کے بعد نمایاں طور پر سستی ہو گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکاری نرخ نامے کے مطابق، ٹماٹر ایرانی 270 سے 290 روپے فی کلو، پیاز 80 سے 105 روپے فی کلو، آلو 40 سے 60 روپے فی کلو اور ادرک 600 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

لہسن چائنیز 600 روپے جبکہ مقامی لہسن 270 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر سبزیوں میں شلجم 70، مولی 50، گاجر 90، کریلا 120، بینگن 50 اور سبز مرچ 90 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہیں۔

پھلوں کی قیمتیں بھی عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔سرکاری نرخ نامے کے مطابق سیب قندھاری 270، سیب ایرانی 180، سیب کالا کلو 150، انگور 250، اور کیلا 190 روپے فی درجن مقرر کیا گیا ہے۔ انار 530 روپے، امرود 150 روپے اور نارنگی 610 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب مرغی کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو چند ہفتے قبل 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی اب 300 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر رہا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US