پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے مملکتِ نیدرلینڈز کے نئے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ (Robert-Jan Siegert) نے آج وزارتِ خزانہ میں ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے نیدرلینڈز کے سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و دیرینہ تعلقات، تجارت، ترقی اور نجی شعبے میں تعاون کے فروغ پر نیدرلینڈز کی حمایت کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی کے ساتھ نکلنے کے بعد اب استحکام کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں سرمایہ کاری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پاکستان کی معیشت کے بنیادی اشاریے بہتر ہوئے ہیں اور تینوں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں بہتری کی ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے سفیر کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ آئی ایم ایف انتظامیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جن میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتری، سرکاری اداروں کی گورننس میں بہتری اور نجکاری کے عمل میں پیشرفت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ منافع کی واپسی سے متعلق رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں اور اب منافع و ڈیویڈنڈز کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اب کھپت پر مبنی نمو کے بجائے سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف گامزن ہے تاکہ ماضی کے معاشی اتار چڑھاؤ سے نجات حاصل کی جاسکے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت معدنیات، زراعت، آئی ٹی، انفراسٹرکچر اور دواسازی کے شعبوں میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے واضح مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اب بیرونی قرضوں پر انحصار کی بجائے پائیدار تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داریوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، غیر رسمی معیشت کو کم کرنے اور تمام شعبوں میں مساوی ٹیکس نظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریونیو کے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنے اور مختلف شعبوں میں چوری روکنے کے لیے اے آئی پر مبنی نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات، وفاقی اداروں کی تنظیمِ نو اور مخصوص اداروں کی نجکاری پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ حال ہی میں ایک مالیاتی ادارے کی کامیاب نجکاری کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 ڈچ کمپنیاں پاکستان میں فعال ہیں اور زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔

انہوں نے جی ایس پی پلس (GSP+) کے حوالے سے پاکستان کی فعال شمولیت کو سراہا اور یقین دلایا کہ نیدرلینڈز اور یورپی یونین کے ساتھ مثبت تعاون جاری رہے گا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے جی ایس پی پلس کی شرائط پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا اور نیدرلینڈز سمیت یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقین نے باہمی تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US