سعودی عرب نے رواں مالی سال 26-2025 کے دوران پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی آئل فیسیلٹی فراہم کرنے اور 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہےجو معاشی استحکام کیلئے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق ایک ارب ڈالر کی اس آئل فیسیلٹی کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 290 ارب روپے ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پہلے ہی 85 ارب روپے سے زائد کی آئل سہولت فراہم کی جاچکی ہے جس کی مجموعی مالیت 30 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
سعودی عرب ماہانہ بنیاد پر 10 کروڑ ڈالر کی آئل فیسیلٹی دے رہا ہے جو تقریباً 28 ارب 37 کروڑ روپے کے برابر ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے 5 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس پاکستان کو 4 فیصد شرح سود پر فراہم کی گئی ہے جن کی ادائیگی ہر سال رول اوور کی جاتی ہے۔ ان فنڈز کی موجودہ مالیت تقریباً 1450 ارب روپے ہے اور یہ پاکستان کیلئے بجٹ سپورٹ کا اہم حصہ ہیں۔ ان میں سے 2 ارب ڈالر دسمبر جبکہ 3 ارب ڈالر جون 2026 میں واجب الادا ہیں جنہیں دوبارہ توسیع دی جائے گی۔