انسانی اسمگلرز کی شامت! ایف آئی اے کا بڑا فیصلہ، ایئرپورٹس پر کیا ہونے والا ہے؟

image

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی نے انسانی اسمگلنگ، جعلی ویزوں اور غیر قانونی سفر کی بیخ کنی کے لیے اپنے آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز، سیکیورٹی اقدامات اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے امیگریشن حکام کو واضح ہدایت جاری کی کہ مسافروں سے خوش اخلاقی، شفافیت اور مکمل پیشہ ورانہ انداز میں پیش آیا جائے تاکہ امیگریشن کا عمل مزید موثر اور تیز بنایا جا سکے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ مقصد صرف غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ نہیں بلکہ مسافروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر سہولیات فراہم کرنا بھی اولین ترجیح ہے۔

ائیرپورٹ پر تعینات اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مضبوط کوآرڈینیشن برقرار رکھیں تاکہ امیگریشن نظام میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جاسکیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی سفر اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے گی اور کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط حکمتِ عملی کے ساتھ شہریوں کے قانونی سفر کو محفوظ اور سہل بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US