فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو رضاکارانہ تعمیل اور عوامی آگاہی کے نئے سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق 31 اکتوبر 2025 تک مجموعی طور پر 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران جمع ہونے والے 50 لاکھ ریٹرنز کے مقابلے میں 17.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرنز کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.6 فیصد زیادہ ہے۔
انفرادی ٹیکس دہندگان کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے زیادہ ٹیکس ادا کیا گیا، جس کے نتیجے میں ادا شدہ ٹیکس کی مجموعی رقم 60 ارب روپے سے بڑھ کر 69 ارب روپے تک پہنچ گئی — جو کہ 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
ایف بی آر نے عوام کے بڑھتے ہوئے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ دیانتدار ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے اپنے عزم کو دہراتا ہے اور ٹیکس نظام کو مزید منصفانہ، شفاف اور جامع بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ شاندار نتائج ایف بی آر کی موثر آگاہی مہم، آسان ڈیجیٹل سہولتوں اور بروقت رابطے کی پالیسی کا نتیجہ ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق جاری اعداد و شمار 31 اکتوبر کی شام 7 بجے تک کے ہیں، اور امکان ہے کہ رات 12 بجے تک مزید ریٹرنز جمع ہوں گے۔
ادارے نے واضح کیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایات کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی عمومی توسیع نہیں کی گئی، تاہم ایسے ٹیکس دہندگان جو مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ متعلقہ فیلڈ فارمیشن کو انفرادی بنیادوں پر توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔