سردیوں کی آمد سے پہلے ہی راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش نے شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ متعدد علاقوں میں گیس کی طویل غیر اعلانیہ کمی کے باعث گھرّوں میں کھانا پکانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔
سیٹلائٹ ٹاؤن، ڈھوک کالان خان، صادق آباد، مری روڈ کے اطراف، گوالمنڈی، آریہ محلہ، چراہ روڈ اور خیابان سرسید سمیت کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے۔ اسی طرح راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ کے رہائشی بھی بدترین گیس قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس مقررہ اوقات میں بھی دستیاب نہیں ہوتی۔ تین وقت کا کھانا بنانا امتحان بن گیا ہے۔ ایل پی جی پہلے ہی مہنگی ہے اب فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ بل بھریں یا سلنڈر خریدیں۔
پریشان حال شہریوں نے حکام سے فوری نوٹس لینے اور گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔