پاکستان اور سعودیہ کا اقتصادی تعاون کے نئے فریم ورک پر اتفاق، مشترکہ اعلامیہ جاری

image

ریاض میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے آغاز پر اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم آفس (میڈیا ونگ) کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ نیا اقتصادی فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہے اور اس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا ہے۔

فریم ورک کے تحت توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں اسٹریٹجک منصوبوں پر پیش رفت کی جائے گی۔ دونوں ممالک نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے میں اضافہ کرنے کے لیے بھی متفق ہوئے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب پہلے ہی کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جن میں بجلی کی ترسیل (Electricity Interconnection) اور توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔

دونوں ممالک کی قیادت نے کہا کہ یہ فریم ورک دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی تکمیل کرے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی۔پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد کی امید بھی ظاہر کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US