وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں بھرتیوں کے شفاف اور مؤثر نظام کے لیے سندھ جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھڑو اور اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ نوکریوں کے روایتی نظام میں جعل سازی، سفارشی کلچر اور پیچیدہ مراحل سے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ اس لیے حکومت نے بھرتی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجٹائز کر دیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب امیدواروں کو مختلف محکموں کے لیے بار بار دستاویزات جمع کرانے اور متعدد ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پورٹل پر صرف ایک بار ٹیسٹ ہوگا، تمام نوکریوں کے لیے ٹیسٹ SIBA کے ذریعے لیا جائے گا اور ٹیسٹ اور انٹرویو پاس کرنے والوں کا ڈیٹا میرٹ پر تیار ہوگا جبکہ ملازمت ملنے کے بعد پولیس ویری فکیشن اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی پورٹل سے ہی دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 1 سے 5 تک کی بھرتیوں کا آغاز آئندہ پندرہ روز بعد اسی پورٹل کے ذریعے کیا جائے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو شفاف اور اہل بنیادوں پر روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جہاں نوکریوں میں سفارش کی نہیں بلکہ قابلیت کی قدر ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پورے سندھ سے 10 لاکھ سے زائد نوجوانوں کے ٹیسٹ لیے جاتے رہے ہیں جن میں فی امیدوار 750 روپے فیس لی جاتی تھی اب پہلی بار ٹیسٹ فیس حکومت سندھ برداشت کرے گی۔