ایشیائی ترقیاتی بینک کی گلیشیئرز ٹو فارمز پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری

image

ایشیائی ترقیاتی بینک کے گرین کلائمیٹ فنڈ نے گلیشیئرز ٹو فارمز پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد گلیشیئرز پر انحصار کرنے والے خطوں میں پانی کے ذرائع محفوظ بنانا، جدید آبپاشی نظام متعارف کرانا اور شدید موسمی اثرات سے زراعت کے شعبے کو بچانا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پروگرام اے ڈی بی کی قیادت میں پاکستان سمیت 9 ممالک میں شروع کیا جائے گا اور آئندہ 10 برس کے دوران مجموعی طور پر 3.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے تحت پانی کے ذخیرے میں اضافہ، مؤثر آبپاشی، اور واٹر شیڈ مینجمنٹ کے جدید طریقوں کو فروغ دیا جائے گا۔

گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلاؤ کے باعث سیلاب، خشک سالی اور ماحولیاتی عدم توازن کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق نئے پروگرام سے خطے کے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ افراد خصوصاً کسان اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

پروگرام میں گلیشیئرز سے نکلنے والے چار بڑے دریا شامل کیے گئے ہیں جن میں نارین، پیانج، کُورا اور سوات شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق یہ اقدام گلیشیئرز سے متعلق سائنسی تحقیق کو قومی ترقیاتی حکمتِ عملی کا حصہ بنائے گا اور خطرناک موسمی حالات کے لیے مؤثر وارننگ اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جائیں گے۔

مزید برآں پانی کی قلت سے متاثرہ علاقوں میں سماجی تحفظ کا نظام مضبوط ہوگا،مقامی بینکوں کو خواتین کی زیرِ قیادت زرعی کاروباروں کی معاونت کے لیے مستحکم کیا جائے گا اور علاقائی منصوبہ بندی کو منتشر اقدامات سے نکال کر ایک مربوط لچکدار نظام کی طرف لایا جائے گا۔

گرین کلائمیٹ فنڈ کو دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی فنڈ قرار دیا جاتا ہے جس نے اپنے 43ویں بورڈ اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دی۔ ادارے کے مطابق 2024 میں ہونے والی سائنسی تحقیقات نے اس پروگرام کی بنیاد فراہم کی جسے مستقبل کے بڑے موسمیاتی چیلنجوں کا موثر حل قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US