گدھے کا گوشت پاکستان کی نئی ایکسپورٹ، اربوں کی تجارت

image

گوادر پورٹ اور اس کے آزاد اقتصادی زون میں نئی صنعتوں کے قیام کی تیاریاں عروج پر ہیں جن میں خاص طور پر ڈنکی میٹ (گدھے کے گوشت) کی پروسیسنگ اور برآمد کا منصوبہ شامل ہے۔

اس سلسلے میں پورٹ کے چیئرمین نورالحق بلوچ اور چینی کمپنی ہینگینگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈی لی ہاو نے ایک مشترکہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ اس منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ہینگینگ کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں گوادر میں گدھوں کی افزائش و فارمنگ کے لیے منظم نظام قائم کیا جائے گا اس کے بعد گوشت کی پروسیسنگ اور برآمد شروع ہوگی۔ اینڈی لی ہاو نے کہا ہمارا ہدف گوادر میں ڈونکی میٹ پروسیسنگ کے ذریعے ایکسپورٹ فوڈ انڈسٹری کا قیام ہے اور اس سے مقامی سطح پر نمک کی تیاری، پیکنگ، ٹرانسپورٹیشن جیسی چھوٹی صنعتیں بھی متحرک ہوں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے ساتھ مل کر پروگرام چلا رہی ہے اور آئندہ مرحلے میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار فراہم کیا جائے گا۔

چیئرمین نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ پورٹ کی مکمل فعالیت کے لیے انڈسٹریز کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا ہینگینگ اور دیگر کمپنیوں کے آنے سے صرف بندرگاہ نہیں بلکہ ماہی گیر طبقے، مقامی ہنر اور دستکاری کے شعبے بھی مستفید ہوں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ گوادر کی معیشت کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کریں۔ جتنی انڈسٹری بڑھے گی اتنا ہی گوادر کے عوام کو فائدہ پہنچے گا یہی ہمارا اصل مقصد ہے۔

گوادر میں اس نئے صنعتی دور کے آغاز کے ساتھ،خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اہم تبدیلی کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں اور اس کا اثر طویل مدت میں مقامی معیشت اور برآمدات پر پڑ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US