ملک میں بڑھتی ہوئی سولرائزیشن کے باعث دن کے اوقات میں بجلی کی کھپت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کے حکام کے مطابق دن کے وقت بجلی کی طلب میں 6 ہزار میگاواٹ تک کی کمی دیکھی گئی ہے۔
نیپرا میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بعض اوقات دن میں بجلی کی کھپت 15 ہزار میگاواٹ سے بھی نیچے گر جاتی ہے جب کہ رات کے اوقات میں یہ کھپت 21 ہزار میگاواٹ سے زائد تک پہنچ جاتی ہے،حکام کے مطابق ملک میں سولر توانائی کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے باعث دن کے وقت بجلی کی پیداوار کم ہو رہی ہے، جب کہ رات کے وقت طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
این پی سی سی حکام نے کہا کہ اس صورتحال میں پاور پلانٹس کو فوری طور پر چلانا یا بند کرنا ممکن نہیں جس سے پیداواری نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ روز ایک ہی دن میں 6 ہزار میگاواٹ کا فرق ریکارڈ کیا گیا جو سولرائزیشن کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
حکام نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بجلی کی بلند قیمتوں کے باعث صنعتی صارفین کی کھپت میں بھی کمی آرہی ہے۔ حکومت نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے صنعتی شعبے کے لیے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بجلی کی مجموعی طلب میں توازن بحال کیا جا سکے۔