پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرامز کے تحت تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی نئی مالی معاونت موصول ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 دسمبر 2025ء کو توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے دوسرے جائزے کی منظوری دیتے ہوئے 760 ملین ایس ڈی آر جاری کیے۔ ساتھ ہی آئی ایم ایف نے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی پہلی قسط بھی منظور کرلی۔
اس منظوری کے بعد اسٹیٹ بینک کو 10 دسمبر 2025ء کو کل 914 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 1.2 ارب امریکی ڈالر) موصول ہوگئے، جو کہ 12 دسمبر 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کردی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس رقم کے ذخائر میں شامل ہونے سے ملک کے بیرونی شعبے میں استحکام اور ادائیگیوں کے توازن کو سہارا ملے گا۔