پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے اور جاری رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 3.926 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد ملک کے کل زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 19.854 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام پر ذخائر کا مجموعی حجم 15.927 ارب ڈالر تھا جس میں سے 11.731 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے پاس اور 4.195 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے پاس موجود تھے۔
17 اکتوبر 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے تک ذخائر میں واضح اضافہ ہوا اور یہ 19.854 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے۔ ان میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14.455 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5.398 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری سال کے آغاز سے اب تک اسٹیٹ بینک کے پاس 2.724 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 1.203 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب جاری مالی سال کے آغاز سے اب تک زرمبادلہ کے ذخائر میں 585 ملین ڈالر کا مجموعی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 51 ملین ڈالر کی کمی جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 635 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا۔
جون 2025 کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 19.269 ارب ڈالر تھا جن میں سے 14.506 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اور 4.763 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے پاس تھے۔