آل پاکستان انجمن تاجران کا انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

image

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا دروازہ گوشوارے داخل کرنے کے لیے ہر وقت کھلا رکھا جائے، کیونکہ اکثر اوقات سسٹم ڈاؤن ہونے کے باعث تاجروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

صدر انجمن تاجران نے کہا کہ ملک کا زمیندار، صنعتکار اور دکاندار تینوں شدید مشکلات کا شکار ہیں، لہٰذا حکومت ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک زمیندار، صنعتکار اور دکاندار خوشحال نہیں ہوں گے، ملک بھی خوشحال نہیں ہو سکتا۔

اجمل بلوچ نے تجویز دی کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے لیے "عزت کارڈ" متعارف کرائے تاکہ انہیں اداروں کے اندر عزت و احترام دیا جا سکے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ زبانی طور پر کہا جاتا ہے کہ تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، مگر عملی طور پر ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والے افسران انہی کو دفاتر کے باہر انتظار کرواتے ہیں، جو انتہائی افسوسناک رویہ ہے۔ اجمل بلوچ نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ بیوروکریٹس کے تاجروں سے رویے کا فوری نوٹس لیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US