اسلام آباد میں تعمیراتی سرگرمیاں تیز، ٹی چوک فلائی اوور دسمبر میں کھل جائے گا

image

اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ نے وزیر داخلہ کو دونوں منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے موقع پر تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی کے مطابق ٹی چوک فلائی اوور کا 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبہ دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں پر بیک وقت 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے، اگلے 30 روز میں دن رات محنت سے انڈر پاس مکمل کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو سگنل فری آمدورفت میسر ہوگی جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ منصوبے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے سہولت اور ترقی کا نیا باب ثابت ہوں گے جبکہ شاہین چوک انڈر پاس دارالحکومت کے جدید ترقیاتی منصوبوں میں اہم اضافہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US