کراچی میں ای چالان کے نظام کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی ہے۔ شہری جوہر عباس کی جانب سے دائر درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اور ڈائریکٹر جنرل نادرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانے انتہائی زیادہ اور غیر منصفانہ ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ لاہور میں خلاف ورزی پر 200 روپے جبکہ کراچی میں 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جو شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت فریقین کو ہدایت دے کہ وہ ان بھاری جرمانوں کے جواز اور منصفانہ ہونے کے بارے میں عدالت کو مطمئن کریں۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے ان بھاری جرمانوں کو فی الفور معطل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلاوجہ مالی بوجھ سے نجات مل سکے۔