وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم کو جدید میری ٹائم اور انڈسٹریل حب میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو عالمی بحری اور صنعتی نقشے پر نمایاں مقام دلایا جا سکے۔
پورٹ قاسم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پورٹ قاسم کو دنیا کا نواں بہترین کنٹینر پورٹ قرار دیا گیا ہے جو اس کی شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی معیار کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق جدیدیت اور ڈیجیٹل اصلاحات کے باعث بندرگاہ کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ تیزی آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سی ٹو اسٹیل گرین انڈسٹریل کوریڈور منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جو پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور مقامی صنعتی پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان کو عالمی میری ٹائم صنعتی مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ میری ٹائم سنچری وژن کے تحت سمندری معیشت میں حقیقی انقلاب برپا کیا جا رہا ہے جبکہ پورٹ قاسم اسپیشل اکنامک زون سرمایہ کاروں کے لیے نئی ترجیح بن چکا ہے۔ یہاں گرین پورٹ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور ماحولیاتی طور پر پائیدار منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پورٹ قاسم کو مکمل میری ٹائم-انڈسٹریل ایکو سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا جو نہ صرف قومی معیشت کے استحکام بلکہ پاکستان کے صنعتی مستقبل کے لیے بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔