پی آئی اے کے ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے بعد انتظامیہ نے مذاکرات کی پیشکش کر دی

image

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے بعد انتظامیہ نے مذاکرات کی پیشکش کر دی۔

تفصیلات کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر قومی ایئرلائن کے ایئرکرافٹ انجینئرز نے آج غیر اعلانیہ احتجاج کیا، تاہم ضروری پروازوں کی کلیئرنس جاری رکھی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے انجینئرز کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے ضروری پروازوں کے طیاروں کی کلیئرنس کی درخواست کی، جس پر انجینئرز نے معاملات حل ہونے تک صرف ضروری پروازوں کی کلیئرنس کی یقین دہانی کرائی۔

انتظامیہ اور سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز آف پاکستان کے درمیان ابتدائی رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے انجینئرز کو یقین دلایا ہے کہ مسائل بات چیت سے حل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ احتجاج کے باعث ملک بھر میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ انجینئرز کا مؤقف ہے کہ وہ آٹھ سال سے تنخواہیں منجمد رہنے پر سراپا احتجاج ہیں اور ان پر قواعد کے خلاف طیارے کلیئر کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

انجینئرز کا کہنا ہے کہ وہ نجکاری کے مخالف نہیں بلکہ حامی ہیں تاہم انتظامیہ کے رویے میں بہتری اور طیاروں کی سیفٹی پر سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیتے ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ انجینئرز کی تنظیم (سیپ) کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور احتجاج کا مقصد ادارے کی مجوزہ نجکاری کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US