آٹھ گیندوں پر آٹھ چھکے اور صرف نو منٹ میں نصف سنچری بنانے والے انڈین کھلاڑی کون ہیں؟

آکاش نے اپنی اننگز کی پہلی تین گیندوں پر دو رن بنائے۔ اس کے بعد انھوں نے بائیں ہاتھ کے سپنر لیمر دابی کے ایک ہی اوور میں لگاتار چھ چھکے لگائے۔ پھر اگلے ہی اوور میں انھوں نے آف سپنر ٹی این آر موہت کی گیند پر لگاتار دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
کرکٹ
Getty Images
چھ گیندوں پر لگاتار چھ چھکے لگانے کا ریکارڈ سب سے پہلے گیری سوبرز کے پاس تھا

انڈین ریاست میگھالیہ کے ایک کرکٹر آکاش چودھری نے گذشتہ اتوار کو کرکٹ کی دینا میں ایک نئی تاریخ اس وقت رقم کی جب انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنائی۔

آکاش نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین نصف سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ انھوں نے اپنی اننگز میں آٹھ گیندوں پر لگاتار آٹھ چھکے لگائے تھے۔

آکاش سے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے گیری سوبرز اور انڈیا کے روی شاستری کے پاس چھ گیندوں پر لگاتار چھ چھکے لگانے کا ریکارڈ تھا تاہم اب آکاش چودھری نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

آکاش چودھری بنیادی طور پر ایک فاسٹ بولر ہیں۔ انھوں نے انڈین ریاست گجرات کے شہر سورت میں رنجی ٹرافی پلیٹ گروپ میچ کے دوسرے دن یہ کارنامہ اروناچل پردیش کے خلاف سرانجام دیا۔

جب میگھالیہ کی ٹیم کا سکور چھ وکٹ کے نقصان پر 576 تھا تو وہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے۔

رنجی ٹرافی
Getty Images
جب میگھالیہ کی ٹیم کا سکور چھ وکٹ کے نقصان پر 576 تھا تب آکاش چودھری آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے

آکاش نے اپنی اننگز کی پہلی تین گیندوں پر دو رن بنائے۔ اس کے بعد انھوں نے بائیں ہاتھ کے سپنر لیمر دابی کے ایک ہی اوور میں لگاتار چھ چھکے لگائے۔ پھر اگلے ہی اوور میں انھوں نے آف سپنر ٹی این آر موہت کی گیند پر لگاتار دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

میگھالیہ نے اپنی اننگز چھ وکٹ کے نقصان پر 628 رنز پر ڈکلیئر کردی، تاہم اس کے جواب میں اروناچل پردیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 73 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

کون کون سے ریکارڈ ٹوٹے؟

چھ گیندوں پر لگاتار چھ چھکے لگانے کا ریکارڈ سب سے پہلے گیری سوبرز کے پاس تھا۔ انھوں نے یہ کارنامہ 1968 میں ناٹنگھم شائر اور گلیمورگن کے درمیان کاؤنٹی میچ میں میلکم نیش کے ایک اوور میں انجام دیا تھا۔

انڈین آل راؤنڈر روی شاستری نے 1984-85 میں رنجی ٹرافی کے ایک میچ میں بڑودا کے خلاف بمبئی کی طرف سے کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ انھوں نے تلک راج کی گیندوں پر لگاتار چھ چھکے لگائے تھے۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آکاش چودھری کی نصف سنچری فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں وقت کے لحاظ سے دوسری تیز ترین ففٹی ہے، جس کو انھوں نے صرف نو منٹ میں مکمل کیا۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ ریکارڈ اب بھی کلائیو ان مین کا ہے جنھوں نے 1965 میں ناٹنگھم شائر کے خلاف لیسٹر شائر کے لیے 13 گیندوں اور آٹھ منٹ میں اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی۔

اگر صرف گیندوں کی بات کی جائے تو اس سے قبل یہ ریکارڈ لیسٹر شائر کے وین وائٹ کے پاس تھا۔ 2012 میں انھوں نے ایسیکس کے خلاف 12 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی۔

ان سے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا انڈین ریکارڈ بندیپ سنگھ کے پاس تھا۔ 2015 میں جموں و کشمیر کے لیے تریپورہ کے خلاف کھیلتے ہوئے، بندیپ نے 15 گیندوں پراپنی نصف سنچری مکمل کی۔

آکاش چوہدری کون ہیں؟

آکاش چودھری 28 نومبر 1999 کو پیدا ہوئے تھے۔

وہ دائیں ہاتھ سے بولنگ اور بیٹنگ کرتے ہیں۔ انھوں نے 30 فرسٹ کلاس میچوں میں 14.37 کی اوسط سے 503 رنز بنائے ہیں اور 87 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

میگھالیہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نابا بھٹاچاریہ نے آکاش چودھری کی کارکردگی کے بارے میں بی بی سی کے معاون صحافی دلیپ شرما سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آکاش نے یہ کامیابی راتوں رات حاصل نہیں کی۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ شروع سے ہی بہت محنتی کھلاڑی رہے ہیں۔

’درحقیقت وہ ہماری ٹیم کے اوپننگ بولر ہیں لیکن انھوں نے خود کو آل راؤنڈر کے طور پر تیار کرنے کے لیے گذشتہ دو سال میں سخت محنت کی ہے۔‘

’آکاش نے پچھلے کچھ سال انڈر 16 اور انڈر 19 میچوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ 2021 سے رنجی ٹرافی میں کھیل رہے ہیں۔‘

نابا بھٹاچاریہ آکاش چودھری کے بارے میں مزید بتاتے ہیں کہ ’آکاش کے خاندان کا تعلق بہار سے ہے لیکن اب وہ میگھالیہ میں رہتے ہیں۔ آکاش کی پیدائش اور پرورش میگھالیہ میں ہوئی۔ ان کے والد میگھالیہ میں مرکزی حکومت کے لیے کام کرتے ہیں۔‘

’آکاش نے کیندریہ ودیالیہ، شیلانگ سے تعلیم حاصل کی اور وہ اپنے سکول کے دنوں سے ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔‘

نابا بھٹاچاریہ کو امید ہے کہ آکاش کو جلد ہی آئی پی ایل جیسے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US