آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار کسی کرکٹ کارکردگی کے باعث نہیں بلکہ ایک حیران کن جائیداد کی خریداری کی وجہ سے۔ ان کے نئے گھر کی قیمت نے مداحوں سمیت میڈیا کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ کمنز نے سڈنی کے پوش علاقے برونٹے میں ایک تاریخی اور نایاب گھر 16 ملین آسٹریلوی ڈالر میں خریدا ہے جو کہ پاکستانی کرنسی میں قیمت تقریباً 2 ارب 88 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ یہ گھر 137 سال پرانا ہے اور اسے مقامی سطح پر ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ علاقہ ساحل کے قریب واقع ہے اور آسٹریلیا کے مہنگے ترین رہائشی خطوں میں شمار ہوتا ہے۔
کمنز نے یہ گھر اپنی اہلیہ، انٹیریئر ڈیزائنر بیکی بوسٹن کے ساتھ مل کر خریدا۔ یہ دلکش عمارت 1888 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس کی قدامت ہی اسے منفرد بناتی ہے۔ تقریباً 730 مربع میٹر پر پھیلے اس دو منزلہ مکان میں پانچ کشادہ بیڈ رومز اور چار باتھ رومز ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ گھر پہلے بھی آسٹریلیا کی چند نمایاں اور دولت مند شخصیات کی ملکیت رہا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پیٹ کمنز نے اتنی بڑی سرمایہ کاری کی ہو۔ اس سے قبل وہ 2021 میں 9.3 ملین ڈالر کا ایک گھر خرید چکے ہیں، جبکہ انہوں نے 3.7 ملین ڈالر کا ایک اپارٹمنٹ فروخت بھی کیا تھا۔ موجودہ خریداری ان کی بڑھتی ہوئی مالی حیثیت کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹ کمنز اب صرف آسٹریلیا کے کامیاب کرکٹر ہی نہیں بلکہ مالی اعتبار سے بھی ملک کے اعلیٰ ترین ایتھلیٹس میں شمار ہوتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق وہ کرکٹ کنٹریکٹس، اسپانسرشپس اور برانڈ ڈیلز کے ذریعے سالانہ تقریباً 10 ملین ڈالر کماتے ہیں۔
کمنز کا یہ نیا گھر نہ صرف ان کے ذوق اور حیثیت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ اس حقیقت کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ جدید کرکٹ اب کھیل سے بڑھ کر ایک منافع بخش عالمی صنعت بن چکی ہے۔