راولپنڈی: خسرہ، روبیلا ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں آگاہی سیمینار

image

راولپنڈی: خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم 2025 کے سلسلے میں راولپنڈی میں نجی ہوٹل میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں والدین، میڈیا اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

سیمینار میں بتایا گیا کہ خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانا اور والدین میں حفاظتی ٹیکوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو ویکسین دی جائے گی، اور ضلع میں 8 لاکھ 22 ہزار 766 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم میں 217 فکسڈ سینٹرز اور 486 موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی، تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں بیک وقت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈاکٹر آصف شیراز نے بتایا کہ حفاظتی ٹیکوں کی بروقت فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں اور ویکسینیشن ہی بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچانے کا واحد مؤثر طریقہ ہے۔

سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ ویکسینیشن ٹیموں کی تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور کمیونٹی تعاون کے بغیر کوئی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن لازمی کروائیں تاکہ صحت مند نسل کے ذریعے محفوظ پاکستان کی ضمانت دی جاسکے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر جواد نے بھی والدین کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کے لیے بچوں کی ویکسینیشن کروانے پر زور دیا اور کہا کہ ماضی کی مہمات میں والدین کا بھرپور تعاون رہا، اس امید کے ساتھ کہ رواں سال کی مہم بھی کامیابی سے مکمل ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US